عبدالحمیدعدم

شاعر

تعارف شاعری

فرصت کے سہانے لمحوں میں کیا کام کی باتیں ہوتی ہیں

فرصت کے سہانے لمحوں میں کیا کام کی باتیں ہوتی ہیں
کچھ یار کا قصہ ہوتا ہے کچھ جام کی باتیں ہوتی ہیں
اے دوست تبسم کی لہریں ہونٹوں پہ کہاں سے اب لاؤں
حالات کے میلے ہوتے ہیں ایام کی باتیں ہوتی ہیں
ارباب خرد کی محفل میں دل اور پریشاں ہوتا ہے
کچھ سوچ کے وقفے ہوتے ہیں کچھ کام کی باتیں ہوتی ہیں
آلام زمانہ فرصت دیں تو بیٹھ کے دل کا حال کہیں
اس زلف مسلسل کی باتیں آرام کی باتیں ہوتی ہیں
جس وقت عدمؔ دل دنیا کے افکار سے خالی ہوتا ہے
اس وقت جو باتیں ہوتی ہیں الہام کی باتیں ہوتی ہیں

عبدالحمیدعدم