مزے عشق کے کچھ وہی جانتے ہیں
کہ جو موت کو زندگی جانتے ہیں
شب وصل لیں ان کی اتنی بلائیں
کہ ہمدم مرے ہاتھ ہی جانتے ہیں
نہ ہو دل تو کیا لطف آزار و راحت
برابر خوشی ناخوشی جانتے ہیں
جو ہے میرے دل میں انہیں کو خبر ہے
جو میں جانتا ہوں وہی جانتے ہیں
پڑا ہوں سر بزم میں دم چرائے
مگر وہ اسے بے خودی جانتے ہیں
کہاں قدر ہم جنس ہم جنس کو ہے
فرشتوں کو بھی آدمی جانتے ہیں
کہوں حال دل تو کہیں اس سے حاصل
سبھی کو خبر ہے سبھی جانتے ہیں
وہ نادان انجان بھولے ہیں ایسے
کہ سب شیوۂ دشمنی جانتے ہیں
نہیں جانتے اس کا انجام کیا ہے
وہ مرنا میرا دل لگی جانتے ہیں
سمجھتا ہے تو داغؔ کو رند زاہد
مگر رند اس کو ولی جانتے ہیں
Maze ishq ke kuch wohi jaante hain
Ke jo maut ko zindagi jaante hain
Shab-e-vasl lein un ki itni balayen
Ke hamdam mere haath hi jaante hain
Na ho dil to kya lutf-e-azaaar-o-rahat
Barabar khushi nakhushi jaante hain
Jo hai mere dil mein unhin ko khabar hai
Jo main jaanta hun wohi jaante hain
Pada hun sar-e-bazm mein dam churaye
Magar woh use bekhudi jaante hain
Kahan qadar hum-jins hum-jins ko hai
Farishton ko bhi aadmi jaante hain
Kahun haal-e-dil to kaheen is se hasil
Sabhi ko khabar hai sabhi jaante hain
Woh nadan anjaan bhoole hain aise
Ke sab shewa-e-dushmani jaante hain
Nahin jaante is ka anjaam kya hai
Woh marna mera dillagi jaante hain
Samjhta hai tu Dagh ko rind-e-zaahid
Magar rind us ko wali jaante hain
جس کی غزلوں نے اردو زبان کو محبت کی مٹھاس، لہجے کی نزاکت اور بیان کی شوخی بخشی نواب مرزا خان داغ دہلوی۔ 25مئی 1831 کو دہلی میں پیدا ہونے والے داغ...
مکمل تعارف پڑھیں