آپ محبوب خدا یا مصطفیٰ
ہو گیا دل آپ کا یا مصطفیٰ
وہ حقیقت میں کہا اللہ نے
آپ نے جو کچھ کہا یا مصطفیٰ
آپ پر اور آپ کے فرمان پر
جان و دل سے ہم فدا یا مصطفیٰ
آپ کے نقش قدم پر ہم چلیں
آپ سب کے رہنما یا مصطفیٰ
والیان ملک سلطاں تاجور
آپ کے در کے گدا یا مصطفیٰ
امتوں میں افضل امت آپ کی
آپ شاہ انبیا یا مصطفیٰ
دین حق کی آپ نے تعلیم دی
آپ حق ہیں حق نما یا مصطفیٰ
آپ ہی نے تو کیا انسان کو
خود نگر خود آشنا یا مصطفیٰ
آپ پر ہیں ختم ساری عظمتیں
تھا نہ ہوگا آپ سا یا مصطفیٰ
ہر گھڑی میں آپ پر بھیجوں درود
دل کہے صل علیٰ یا مصطفیٰ
مظفر وارثی