ہنس بتائے کیا جو کچھ اندر جھیل میں
جو کچھ اندر جھیل میں اوپر لائے کیا
اوپر لائے کیا اندر کا آکاش
اندر کا آکاش گونجے آٹھ پہر
گونجے آٹھ پہر اس کا نیک قدم
اس کا نیک قدم مٹی کے مابین
مٹی کے مابین گندم اور جوار
گندم اور جوار کھیتوں کا امکان
کھیتوں کا امکان جیسے بیج میں پھول
جیسے بیج میں پھول جیسے جسم میں جان
جیسے جسم میں جان پر تولے ہر آن
پر تولے ہر آن ایک پرند مہان
ایک پرند مہان بارش سا منہ زور
بارش سا منہ زور نکلا ایک سوار
نکلا ایک سوار اندر کی محراب سے
اندر کی محراب سے سورج کا سندیس
سورج کا سندیس جھیل کا پہلا عکس
جھیل کا پہلا عکس تہ کا ایک چراغ
تہ کا ایک چراغ جاگے اندر جھیل میں
جاگے اندر جھیل میں رنگوں کا پاتال
رنگوں کا پاتال اوپر لائے کیا
اوپر لائے کیا جو کچھ اندر جھیل میں
جو کچھ اندر جھیل میں ہنس بتائے کیا
ثروت حسین